Official Website

مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے: سعودی وزیرخارجہ

45

اسلام  آباد:  سعودی وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری کے کردار پر زور دیا ہے۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل  اجلاس سے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ یمن کے عوام کو انسانی بنیادوں پر مدد فراہم کررہے ہیں جب کہ مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی قرار دادوں کے مطابق فلسطین کے مسئلے کا پُرامن حل چاہتے ہیں۔

’بھارت  کا پانچ اگست کا اقدام  عالمی قوانین کے منافی ہے‘

اجلاس سے خطاب میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ مسلم اُمّہ کے مفادات کا دفاع کرتا رہوں گا، یمن تنازع سے وہاں کے عوام بری طرح متاثر ہورہے ہیں، یمن میں خون ریزی کو فوری بند ہونا چاہیے اور مسئلے کا پُرامن اور پائیدار حل ضروری ہے۔

انہوں  نے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت دی جائے، بھارت کاپانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام عالمی قوانین کےمنافی ہے، او آئی سی یو این قراردادوں کے مطابق کشمیر تنازع کے حل پر زور دیتی ہے۔

او آئی سی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ فلسطین کے عوام کی نسل کشی کے اقدام اور حوثی باغیوں کی طرف شہری آبادی پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان امن کے لیے عالمی برادری سے رابطے میں ہیں، افغان حکام اور عالمی پارٹنرز کے ساتھ مل کر افغان امن کی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی کا  کہنا تھا کہ روہنگیا مسلمانوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور روہنگیا مسلمان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا مطالبہ کرتے ہیں۔