Official Website

واہ میڈیکل کالج کا جلسہ تقسیمِ اسناد

82

واہ میڈیکل کالج کا جلسہ تقسیمِ اسناد کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ وائس چانسلر یو نیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور پرو فیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے فارغ التحصیل طلباء طالبات میں ایم۔بی۔بی۔ایس کی اسناد تقسیم کیں۔میجر جنرل عاصم خان ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن پاکستان آرڈننس فیکٹریز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔پرنسپل واہ میڈیکل کالج میجر جنرل (ریٹائرڈ) پرو فیسر ڈاکٹر عبدالخالق نوید نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ واہ میڈیکل کالج اب تک ملک کو 1303 مستند ڈاکٹر دے چکا ہے۔2019 اور2020 میں کامیاب ہو کر ڈاکٹر بننے والے طلباء وطالبات کا تناسب بالترتیب 91 فیصد اور 95 فیصد رہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یو نیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے سرکاری اور غیر سرکاری چالیس میڈیکل کالجز میں واہ میڈیکل کالج کا شمار صف اول کے آٹھ یا دس کالجز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واہ میڈکل کالج این۔ایل۔ای کے امتحان میں بھی پاکستان میڈیکل کمیشن سے ”ایوارڈ آف ایکسیلینس“ حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے و اہ میڈیکل کالج کے شعبہ میڈیکل ایجو کیشن کی بہترین کارکردگی کو بھی سراہا۔
وائس چانسلر یو نیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز جناب پرو فیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے فارغ التحصیل طلباء وطالبات میں اسناد تقسیم کیں اور پوزیشنزحاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو میڈلز اور سر ٹیفیکیٹس سے نوازا۔ سال 2014-2015 میں اوّل، دوم او ر سوم آنے پر بالترتیب ڈاکٹر آمنہ سجاد، ڈاکٹر شاہزیب خالد بٹ اور ڈاکٹر حدیقہ غدف کو سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے دیئے گئے، سال 2015-2016 کے لئے اوّل، دوم اور سوم آنے پر بالترتیب ڈاکٹر ثاقب ناصر، ڈاکٹر لائبہ محبوب اور ڈاکٹر زارا شیراز میڈل کے حقدار قرار پائے۔ طلباء و طالبات نے کالج اور یونیورسٹی میں بحثیت مجمو عی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پرنسپل واہ میڈیکل کالج نے دونوں جماعتوں کے اوّل، دوم او ر سوم آنے والے طلباء وطالبات کے لئے بالترتیب تین لاکھ،دو لاکھ اور ایک لاکھ روپے نقد انعام کے چیک تقسیم کئے۔
وائس چانسلر یو نیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے واہ میڈیکل کالج کی فیکلٹی خصوصاً ڈین آف اکیڈیمکس پروفیسر ڈاکٹر مسرت رمضان کی خدمات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دادِ تحسین دی اور کامیاب ہونے والے طلباء وطالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو مستقبل میں پیش آنے والے مسائل اور ان کے حل سے آگاہ کیا۔انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ ُدکھی انسانیت کی خدمت کے لئے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں۔
آخر میں مہمانِ خصوصی میجر جنرل عاصم خان نے خطاب کرتے ہو ئے ڈاکٹروں کو عملی زندگی میں داخل ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو نئے ڈاکٹرز سے بہت سی اُمیدیں وابستہ ہیں، وہ ایک بہتر پاکستان اور بہتر دُنیا کے لیے اپنا بھر پور حصّہ ڈالیں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے واہ میڈیکل کالج کے ڈین اور فیکلٹی کی صلاحتیوں کو بھی سراہا اور مبارکباد دی۔

واہ میڈیکل کالج کے 10ویں سالانہ کنووکیشن کے موقع پر اسناد حاصل کرنے والے طلباءوطالبات کا مہمان خصوصی اور اساتذہ کے ہمراہ گروپ فوٹو