Official Website

بلوچستان حکومت کا ہڑتالی ڈاکٹروں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

52

بلوچستان حکومت نے ہڑتالی ڈاکٹروں اور طبی عملے کے خلاف بلوچستان امپلائز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلنری ایکٹ (بیڈا) کے تحت سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے پیدا صورتحال اور اس سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہڑتالی ڈاکٹروں نے حکومت کی نرمی سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے گزشتہ 7  ماہ سے امن وامان کی صورتحال خراب کر رکھی ہے ، وائی ڈی اے کے 30 سے 35 اراکین نے ہیلتھ ڈیلیوری نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز کو ہر صورت بحال رکھا جائے گا اور کار سرکار میں مداخلت اور قانون ہاتھ میں لینے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ حکومت کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھتے ہوئے غریب عوام کو علاج و معالجے کی سہولتوں کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔

دوسری جانب حکومت نےسیکرٹری صحت کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر ڈاکٹروں کی تعیناتی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔