Official Website

یوکرینی صدر کا وزیراعظم عمران خان کو فون، یوکرین کی صورتحال پر گفتگو

29

وزیر اعظم عمران خان کو یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے ٹیلی فون کیا ہے جس میں یوکرین کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے یوکرین میں جاری عسکری تنازع پر افسوس کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوکرینی صدر سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان تشدد کے فوری خاتمے اور  مذاکرات کے ذریعے تنازعےکے حل کا حامی ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ تنازعات کے ترقی پذیر ملکوں پر منفی معاشی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے یوکرینی شہریوں کو ریلیف کی فراہمی پر بھی زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے یوکرین کے عوام کی امداد کیلئے 2 سی 130 طیارے بھجوائے ہیں، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں یوکرین میں سکیورٹی اور انسانی صورتحال پر اظہار تشویش کیا، او آئی سی وزرائے خارجہ نے یوکرین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا، او آئی سی رکن ملکوں نے مذاکراتی عمل میں معاونت کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان جیسے غیر جانبدار ممالک تنازع کے حل کی کوششوں میں کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہیں، وزیر اعظم نے پاکستانی طلبہ، سفارتی عملے کے انخلا ءمیں مدد پر یوکرینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ روس نے یوکرین پر 24 فروری کو حملہ کردیا تھا جس کے بعد سے وہاں روسی کارروائیاں جاری ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی فروری میں روس کا دورہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے متعد موقعوں پر کہا کہ وہ روس اوریوکرین کی جنگ ختم کرانے میں کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔