Official Website

ایم کیو ایم کے وفاقی وزرا امین الحق اور فروغ نسیم وزارتوں سے مستعفی

41

اسلام آباد: ایم کیو ایم کے 2 وفاقی وزرا اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے 2 وفاقی وزرا اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔ وفاقی وزرا امین الحق اور فروغ نسیم نے اپنے استعفے وزیراعظم عمران خان کو بھیج دیے۔ استعفے قبول کرنے کا نوٹیفکیشن وزیراعظم کی منظوری سے جاری ہوگا۔

ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق حکومت سے معاملات طے نہ پانے کی وجہ ان کی سست روی ہے، وزیراعظم عمران خان انا کا شکار رہے، وہ اپنے وزرا کو بھیجتے رہے لیکن خود نہیں آئے ، جبکہ اپوزیشن کی پوری قیادت ہمارے پاس بار بار آئی۔

ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اب خود بھی آجائیں تو بہت دیر ہوچکی اور ہم فیصلہ کرچکے ہیں ، رابطہ کمیٹی صرف اپوزیشن سے تحریری معاہدہ کی روٹین کے مطابق توثیق کریگی۔

معاہدے کے مندرجات سامنے آگئے

متحدہ قومی موومنٹ اور اپوزیشن کے درمیان معاہدے کے مندرجات ایکسپریس نیوز سامنے لے آیا۔ معاہدے پر خالد مقبول صدیقی، بلاول بھٹو، شہبازشریف، مولانا فضل الرحمن، اخترمینگل، خالد مگسی نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت ایم کیوایم وفاقی کابینہ سےعلیحدگی اختیار کرے گی، جس کے بدلے میں بلدیاتی اداروں کےاختیارات میں اضافہ کیاجائےگا، سندھ میں جعلی ڈومیسائل کےاجرا کےلیے قانون سازی کی جائےگی، بلدیاتی قانون کو آئین کے آرٹیکل 140اے کے مطابق بنایا جائے گا، سندھ حکومت ایک ماہ میں بلدیاتی قانون میں ترامیم کا مسودہ سندھ اسمبلی میں پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کی حکومت سے علیحدگی سے حکمران اتحاد کی تعداد 164 جبکہ متحدہ اپوزیشن کی تعداد 177 ہوجائیگی۔