
پنجاب اسمبلی کااجلاس ملتوی،وزیراعلی کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کل ہوگی
لاہور: پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل ساڑھے گیارہ بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کل ہوگی۔
اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔ نئے وزیراعلی کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کل کے اجلاس میں ہوگی۔وزیراعلی پنجاب کے لئے کاغذات نامزدگی آج شام 5بجے تک اسمبلی سیکریٹری کے دفترمیں جمع کرائے جاسکیں گے۔
اسپیکرچوہدری پرویزالہی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس 3گھنٹے کی تاخیرسے شروع ہوا۔ سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی ایوان میں آمد کے بعد ایوان میں اپوزیشن اورحکومتی ارکان کی نعرے بازی سے ایوان مچھلی بازار بن گیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے الوداع الوداع بزدار الوداع اورشیرشیرکے نعرے لگائے۔حکومتی بینچوں کی جانب سے شیم شیم اورگیدڑ گیدڑ کے نعرے لگائے۔ حکومت کی خواتین ارکان نے ڈیسک بجائے اورچیری بلاسم کے نعرے لگائے۔
پرویز الہٰی کے وزیراعلیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع
دریں اثنا مسلم لیگ (ق) کے رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ کےامیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
واضح رہے کہ حکومتی جماعت تحریک انصاف نے پرویز الٰہی جب کہ اپوزیشن جماعتوں، منحرف ارکان ترین اور علیم گروپ نے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کررکھا ہے۔ کل اجلاس میں پرویز الٰہی اور حمزہ شہباز کے درمیان مقابلے کا امکان ہے۔