Official Website

ہلال احمر کے زیراہتمام فرسٹ ایڈ باکس کی تقسیم

62

ہلال ِاحمر کے زیرِ اہتمام فرسٹ ایڈ باکس کی تقسیم
کورونا کیئر ہسپتال میں تقریب،ہسپتالوں وتعلیمی اداروں کیلئے 30 باکس دیئے گئے
فرسٹ ایڈ ایسی مدد ہے جو کسی کی جان بچا سکتی ہے، چیئرمین ہلال ِاحمرابرار الحق

اسلام آباد(سٹاف رہورٹر )ہلالِ احمر پاکستان نے تعلیمی اداروں اورہسپتالوں کیلئے 30 فرسٹ ایڈ باکس فراہم کردئیے۔ اِس حوالے سے ایک پروقار تقریب کورونا کیئر ہسپتال میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں چیئرمین ہلالِ احمر ابرارالحق،سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عدیل نواز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈکوارٹرز مرضیہ سلیم، سی ای او ایجوکیشن اعظم کاشف، تعلیمی اداروں کے حکام، ہسپتالوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین ابرارالحق نے کہا کہ طبّی امداد سے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ہم ملک بھرمیں ریڈکریسنٹ کور قائم کرنے جارہے ہیں، ماضی میں طلبہ و طالبات کو دفاع کے حوالے سے این سی سی کے ذریعے بندوق چلانا سکھائی گئی تھی۔ہم طلبہ و طالبات کو ابتدائی طبّی امداد کے طریقے سکھا کر جانیں بچانا سکھائیں گے۔انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کی ایک ریسرچ کے مطابق ابتدائی طبّی امداد کی فراہمی سے 59 فیصد قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔ہم نے کورونا وباء کے آغاز میں 15 دِنوں کی ریکارڈ مدت میں ایک مکمل ہسپتال فعال کردکھایا تھا۔یہاں سے کورونا وباء کے دوران لاکھوں لوگ شفا یاب ہوکر اپنے اپنے گھروں کو لوٹے۔ مارچ2021ء میں یہی ہسپتال حکومت کی جانب سے ماس ویکسی نیشن کا درجہ پایا اور دیکھتے ہی دیکھتے 5 لاکھ سے زائد لوگوں نے ویکسین لگوائی۔ انہوں نے کہا کہ فر سٹ ایڈ ایسی مدد ہے جو کسی کی جان بچا سکتی ہے۔ ہم فرسٹ ایڈ سیکھ کر دوسروں کی جان بچا سکتے ہیں۔آج کی یہ تقریب اِس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ یہاں تعلیمی اداروں کے نمائندگان بھی موجود ہیں اور ہسپتالوں کے حکام بھی موجود ہیں۔ہلالِ احمر خدمت ِانسانیت میں روزِ اوّل سے پیش ہے۔ حال ہی میں سانحہ مری کے دوران بھی ہلالِ احمر نے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ محافظ فورس کا منفرد آئیڈیا امریکہ جیسے ملک میں بھی سراہا گیا۔ ویکسی نیشن کیلئے ڈور ٹو ڈور مہم بھی کامیاب رہی۔چیئرمین ہلالِ احمر نے ریڈکریسنٹ راولپنڈی کے تحت فرسٹ ایڈ ٹریننگ حاصل کرنے والوں کو سر ٹیفکیٹ اورہسپتالوں کے نمائندگان، تعلیمی اداروں کے سربراہان کو طبّی امداد کے ضروری سامان سے بھرے فرسٹ ایڈ باکس دیئے گئے۔