Official Website

بہاولپور: قتل اور زیادتی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث 5 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

111

بہاولپورکےعلاقےچک نورنگ میں مبینہ پولیس مقابلے میں 5 ڈاکو ہلاک جب کہ ان کے کچھ ساتھی فرار ہو گئے۔

ضلع پولیس ترجمان کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے بستی جمرانی کے علاقے سے موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی، اطلاع ملنے پر تھانہ نوشہرہ جدید پولیس نے علاقہ ناکہ بندی کر دی۔

ڈاکوؤں نے چک نورنگ کے قریب پولیس ناکے پر فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5 ڈاکو محمد صدیق عرف ڈوڈو ، محمد سعید عرف شیدو ، بشیر احمد ،کریم بخش اور محمد رفیق ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں سے چھینی گئی موٹر سائیکل، 2 کلاشنکوف، 3 پستول اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو قتل، ڈکیٹی اور زیادتی سمیت متعدد وارداتوں میں اشتہاری تھے اور کچھ روز قبل لودھراں کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کو زخمی کرکے سرکاری اسلحہ چھین کر فرار ہونے میں بھی ملوث تھے۔