Official Website

وفاقی کابینہ میں کس جماعت سے کتنے لوگ شامل ہوں گے، تفصیلات سامنے آگئیں

43

اسلام آ باد: وزارت عظمیٰ کے لیے متحدہ اپو زیشن کے امیدوار  شہباز  شریف نے کابینہ کی تشکیل کے لیے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت شروع کر دی ہے۔

ذ رائع کے مطابق کابینہ میں مسلم لیگ ن کے12وزراء اور پیپلز پارٹی کے 7 وزراء ہوں گے جبکہ جے یو آئی ف کو 4، ایم کیو ایم کو 2 اور بی این پی مینگل، اے این پی، جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کو ایک ایک وزارت دی جا ئے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ محسن داوڑ، اسلم بھوتانی اور طارق بشیر چیمہ کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیے جا نے کا امکان ہے۔

مسلم لیگ ن سے خواجہ آصف، سعد رفیق، خرم دستگیر، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، شائستہ پرویز ملک، رانا ثنا ء اللہ اور مرتضیٰ جا وید عبا سی کی کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے۔

سینیٹ میں قائد ایوان کے لیے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا نام زیر غور ہے جبکہ  پیپلز  پارٹی سینیٹ سے شیری رحمان یا مصطفیٰ نواز کھوکھر میں سے ایک کو وزارت دے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ ہو سکتے ہیں جبکہ شازیہ مری کا نام بھی زیر غور ہے۔

جے یو آئی ف نے مطالبہ کیا ہے کہ گورنر بلوچستان یا کے پی میں سے ایک ان کی جماعت سے بنایا جا ئے، پنجاب کا گورنر پیپلز پارٹی اور سندھ کا گورنر ایم کیو ایم سے لیا جائے گا۔