Official Website

کراچی؛ ڈیفنس نشاط کمرشل میں چائے کی دکان پر ڈاکوؤں نے دھاوا بول دیا

80

کراچی: ڈیفنس نشاط کمرشل میں قائم ٹی شاپ پر ڈاکوؤں نے وہاں موجود افراد کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر لوٹ لیا۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس نشاط کمرشل میں قائم ٹی شاپ پر ڈاکوؤں کی جانب سے اسلحے کے زور پر کئی افراد کو یرغمال بنانے کے واقعے کی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹی شاپ پر خواتین سمیت دیگر افراد بیٹھے ہوئے ہیں کہ اس دوران ڈاکو آتے ہیں اور وہاں موود تمام افراد کو لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نشاط کمرشل ٹی شاپ پہنچے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور لٹنے والے شہریوں اور ہوٹل مالک سے ملاقات کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلات حاصل کیں اس موقع پر ایس ایس پی ساؤتھ ، ایس پی کلفٹن ، اے ایس پی درخشان اور ایس ایچ او درخشاں بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ساؤتھ نے پولیس افسران کو ہدایت دیں کہ جائے وقوعہ سے ملنے والی ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کے حوالے سے درست جانچ پڑتال کی جائے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے واردات میں ملوث ڈاکوؤں کو فوری طور پر سراغ لگا کر انھیں قانون کی گرفت میں لیا جائے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈی ایچ اے میں خاص کر کمرشل ایریاز میں پولیس کی مضبوط پکٹ لگائیں اور ہاٹ اسپاٹ پر اسنیپ چیکنک کرتے ہوئے پولیس کی موثر پٹرولنگ کی جائے تاکہ شہریوں میں احساس تحفظ کو بڑھایا جائے۔