
اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ساتویں اقتصادی جائزہ پر مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پروگرام ٹریک پر لانے کیلیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ساتویں اقتصادی جائزہ پر مذاکرات شروع ہوگئے ہیں، مذاکرات 24 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ مذاکرات کی کامیابی پر ایک ارب ڈالر کی قسط ملنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلیے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر واشنگٹن میں موجود ہیں جبکہ پالیسی سطع کے مذاکرات میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل آن لائن شریک ہونگے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ پہلے ہی کی جاچکی ہے اور تازہ ترین اعدادوشمار بھی شیئر کئے جاچکے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام ٹریک پر لانے کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ زیادہ تر اہداف پورے کرلیے گئے ہیں البتہ سبسڈیز سمیت دیگر معاملات پرنظر ثانی کیلیے بات چیت ہوگی۔