
کوئٹہ سے لاہور اور کراچی آنے والی منشیات پکڑی گئی
کراچی / لاہور: اے این ایف نے دو کارروائیوں میں 30 کلو گرام چرس برآمد کرکے 3ملزمان گرفتار کرلئے۔
اے این ایف انٹیلیجنس نے اے این ایف سندھ اور اے این ایف پنجاب کے ساتھ مشترکہ طور پر 2 کارروائیوں میں 30 کلو گرام چرس برآمد کرلی، جب کہ 3 ملزمان بھی گرفتار کئے ہیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق پہلی کارروائی میں کوئٹہ سے کراچی پہنچنے والے گاڑیوں کے پرزہ جات میں مہارت سے چھپائی گئی 12 کلو چرس برآمد ہوئی، منشیات وصول کرنے کے لئے رانا اظہر نامی شخص رکشے میں آیا تھا، جس کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا گیا، اور اس کا رکشہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ دوسری کارروائی میں بھی گاڑیوں کے پرزہ جات استعمال کئے گئے، اور یہ پرزے کوئٹہ سے لاہور لائے گئے تھے، گاڑیوں کے پرزہ جات سے 18 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، منشیات وصول کرنے والے فریاد اور امجد نامی ملزمان موٹر سائیکل سمیت گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ منشیات کوئٹہ اور چمن میں موجود گروہ نے بذریعہ کارگو کراچی اور لاہور بھیجی تھی۔