Official Website

قابل اعتراض ٹوئٹس کو رپورٹ کرنے کے لیے نئے ٹولز متعارف

80

اگر آپ کسی ٹوئٹ کو متنازع یا نفرت انگیز سمجھتے ہیں تو اسے رپورٹ کرنے کا عمل اب آسان بنادیا گیا ہے۔

ٹوئٹر نے نئے ٹوئٹ رپورٹنگ ٹولز متعارف کرا دیے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے ان ٹولز کی آزمائش دسمبر 2021 میں شروع کی گئی تھی اور اب تمام صارفین کے لیے انہیں متعارف کرایا جارہا ہے۔

دسمبر میں کمپنی نے کہا تھا کہ اس کی جانب سے قابل اعتراض پیغامات کو رپورٹ کرنے کا عمل آسان بنایا جارہا ہے۔

پہلے ٹوئٹر میں کسی ٹوئٹ کو رپورٹ کرنے کے لیے صارفین کو کئی طرح کے مینیوز میں جاکر ایسے مخصوص اصولوں کی نشاندہی کرنا ہوتی تھی جس کی خلاف ورزی کی گئی ہو۔

یہ طریقہ کار صارفین کو الجھن کا شکار کردیتا تھا اور اس وجہ سے وہ اکثر متنازع ٹوئٹس کو رپورٹ کرنے سے گریز کرتے تھے۔

اب نئے طریقہ کار میں کسی اصول کی نشاندہی کی بجائے صارفین سے پوچھا جائے گا کہ ان کے خیال میں رپورٹ کیے گئے ٹوئٹ میں کیا مسئلہ ہے۔

اسی طرح کسی فرد یا ادارے کو ہدف بنانے والے ٹوئٹس کو رپورٹ کرنا بھی آسان بنایا جارہا ہے اور صارفین کو نفرت انگیز پیغامات کو رپورٹ کرنے کے لیے مزید آپشن فراہم کیے جارہے ہیں۔

کمپنی نے بتایا کہ آزمائشی مرحلے میں جن صارفین کو ان نئے ٹولز تک رسائی حاصل تھی، ان کی جانب سے قابل اعتراض ٹوئٹس کو رپورٹ کرنے کی شرح میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔