Official Website

اینڈرائیڈ صارفین اب باآسانی آئی فون میں واٹس ایپ ڈیٹا منتقل کرسکیں گے

63

کیلیفورنیا: پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ سے آئی فون پر منتقل ہونے والے صارفین کو میسجز اور تمام ڈیٹا آسانی سے آئی فون پر منتقل کرنے کی سہولت فراہم کردی ہے۔

اس سے قبل واٹس ایپ ڈیٹا کی منتقلی صرف آئی فون سے اینڈرائیڈ پر جانے کی صورت میں ممکن ہوتی تھی۔

میٹا کی ذیلی کمپنی واٹس ایپ پر یہ فیچر گزشتہ برس متعارف کرایا گیا تھا جس کے بعد سے صارفین اپنے وائس نوٹس، تصاویر اور گفتگو آئی او ایس سے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر آتے ہوئے ساتھ لا سکتے ہیں۔
تازہ ترین اپ ڈیٹ کے بعد اب واٹس ایپ صارفین بحفاظت اپنا ڈیٹا ’موو ٹو آئی او ایس‘ ایپ استعمال کرتے ہوئے اینڈرائیڈ سے آئی فون میں لے جاسکتے ہیں۔ یہ ایپلی کیشن ایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔

اس ایپ کو اینڈرائیڈ سے آئی او ایس پر منتقل ہونے والے صارفین اپنا فون ڈیٹا یعنی روابط کی تفصیلات، تصاویر اور ویڈیوز کو منتقل کرنے کے لیے پہلے ہی استعمال کر رہے تھے لیکن تازہ ترین اپ ڈیٹ کے بعد اس میں اب واٹس ایپ ڈیٹا بھی شامل کر دیا گیا ہے۔

واٹس ایپ کا کہنا تھا کہ یہ منتقلی مکمل طور پر انکرپٹڈ ہوگی اور یہ سہولت آئندہ ہفتے تک تمام صارفین کی دسترس میں ہوگی۔

میٹا کے چیف ایگیکٹِیو مارک زکر برگ نے منگل کو ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ ہم واٹس ایپ کی باحفاظت فون کی تبدیلی اور اینڈرائیڈ اور آئی فون میں ڈیٹا منتقلی کی صلاحیت میں اضافہ کر رہے ہیں، جس کے ساتھ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کی جانب سے اس فیچر کا متعدد بار مطالبہ کیا گیا، ہم نے آئی فون سے اینڈرائیڈ میں ڈیٹا منتقلی کا فیچر گزشتہ برس متعارف کرایا تھا، جس کا دائرہ بڑھاتے ہوئے اب اینڈرائیڈ سے آئی فون منتقلی کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے۔

ڈیٹا منتقلی کے لیے آئی فون کو فیکٹری نیو یا ری سیٹ ٹو فیکٹری سیٹنگ پر ہونا ضروری ہوگا تاکہ موو ٹو آئی و ایس ایپ کے ساتھ جوڑ بن سکے اور اینڈرائیڈ سے ڈیٹا منتقل ہوسکے۔