Official Website

20 سال بعد پہلی بار پانی پینے والا شخص

13

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ اینڈی کیوری نے دو دہائیوں یعنی 20 سال بعد پہلی بار پانی پیا۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اینڈی ایک سپر مارکیٹ میں کام کرتے ہیں جنہیں گزشتہ 20 سالوں سے سافٹ ڈرنک پینے کی لت تھی اور وہ روزانہ 10 لیٹر کولڈ ڈرنک پی جایا کرتے تھے۔

تاہم اب ان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے صرف ایک ہیپنوتھراپی سیشن (نفسیاتی علاج) کی مدد سے اس عادت سے چھٹکارا حاصل کرلیا ہے۔

اینڈی کیوری کے مطابق وہ ایک دن میں سافٹ ڈرنک کے 30 کینز تک پیتے تھےجس پر ان کے روز کے 20 پاؤنڈز جب کہ سالانہ تقریباً 7 سے 8 ہزار پاؤنڈز (19 لاکھ سے زائد روپے) خرچہ آتا تھا۔

ایک انٹرویو میں اینڈی کا بتانا تھا کہ انہیں اس وقت سوفٹ ڈرنکس کی لت لگی جب وہ 20 سال کے تھے، سپر اسٹور میں ان کی نائٹ شفٹ ہوا کرتی تھی جس کے باعث انہیں چینی کی طلب پوری کرنے کے لیے سافٹ ڈرنک باآسانی مل جاتی تھی، وہ دو لیٹر والی چار سے پانچ بوتلیں ایک ہی دن استعمال کرتے تھے۔

جب ان کے وزن میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا تب ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں شوگر کا مرض ہوسکتا ہے جس کے بعد اینڈی نے اپنے علاج کا فیصلہ کیا۔

اینڈی نے مقامی تھراپسٹ اور ہپناٹسٹ سے رابطہ کیا جنہوں نے اس میں Avoidant Restrictive Food Intake Disorder نامی مرض کی تشخیص تاہم وہ محض 40 منٹ کے ایک سیشن کی مدد سے کیوری کی اس عادت کو ختم کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

اس سیشن کے بعد کیوری نے 20 برس بعد پہلی بار پانی پیا اور ایک ماہ میں 7 کلو وزن کم کیا۔