Official Website

ٹیلی گرام کی پریمیم سروس متعارف

62

ٹیلی گرام نے پریمیم سروس متعارف کرا دی ہے جس میں میسجنگ ایپ کے صارفین مختلف خصوصی فیچرز تک ماہانہ فیس کے عوض رسائی حاصل کرسکیں گے۔

اس سروس کا اعلان جون کے شروع میں کیا گیا تھا اور اب اسے باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا گیا ہے جس کی ماہانہ فیس 5 ڈالرز رکھی گئی ہے۔

اس پیڈ سروس کو استعمال کرنے والے صارفین 2 جی بی کی بجائے 4 جی بی کی فائل بھیج سکیں گے جبکہ ڈاؤن لوڈنگ اسپیڈ زیادہ تیز ہوگی۔

پریمیم سروس استعمال کرنے والے صارفین ایک ہزار چینلز میں شمولیت اختیار کرسکیں گے، اس وقت عام صارفین 500 سے زیادہ چینلز کا حصہ نہیں بن سکتے۔

اسی طرح پریمیم صارفین 20 چیٹ فولڈز بنا سکیں گے، 10 اسٹیکرز سیو، 10 چیٹ پن اور 4 ٹیلی گرام اکاؤنٹ ایڈ کرسکیں گے۔

یہ پریمیم سروس 5 ڈالرز ماہانہ میں دستیاب ہوگی / فوٹو بشکریہ ٹیلی گرام

پریمیم اسٹیکرز لائبریری تک رسائی، خصوصی ایموجی ری ایکشنز اور ہیڈ فون نہ ہونے پر وائس میسجز کو ٹیکسٹ میں بدلنے کی سہولت دیگر قابل ذکر فیچرز ہیں۔

ٹیلی گرام کے سی ای او پاویل ڈیورو نے واضح کیا ہے کہ مفت فیچرز بدستور مفت دستیاب ہوں گے اور نئے فیچرز بھی اسٹینڈرڈ صارفین کے لیے متعارف کرانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

عام صارفین پریمیم سروس استعمال کرنے والوں کی بڑی فائلز بھی ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ ٹیلی گرام کے صارفین کی تعداد 70 کروڑ سے زیادہ ہوچکی ہے۔