Official Website

کے پی حکومت اور وفاق میں ڈیڈلاک، صوبائی حکومت کا آئینی و قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ

34

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے ضم اضلاع کے فنڈز میں کمی، این ایف سی ایوارڈ اور پن بجلی کے خالص منافع سمیت صحت کارڈز کے فنڈز کی بندش پر وفاق کی جانب سے شنوائی نہ ہونے کی صورت میں تمام سیاسی ،آئینی اورقانونی راستے اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاق کے ساتھ صوبائی حقوق کے حوالے سے معاملہ اٹھانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور اور اہم فیصلے کیے گئے جب کہ وفاقی حکومت کی طرف سے ضم اضلاع کے ترقیاتی فنڈز میں کمی اور صحت کارڈ اسکیم کے فنڈز کی بندش پرشدید تحفظات کا اظہارکیا گیا۔

صوبہ بشمول قبائلی اضلاع کے حقوق حاصل کرنے کے لیے تمام دستیاب فورمز استعمال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جب کہ صوبائی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور کروانے، صوبائی حکومت کا وفاقی حکومت کو با ضابطہ مراسلے ارسال کرنے، وفاق کی طرف سے شنوائی نہ ہونے کی صورت میں تمام سیاسی، آئینی اور قانونی راستے اختیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ، پن بجلی کے خالص منافع اور وفاق سے جڑے دیگر امور اور نئے این ایف سی کے لیے وفاق سے معاملہ اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں پن بجلی منافع کے بقایاجات کے حصول کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلانے کے لیے وفاق سے رابطے کا فیصلہ بھی ہوا۔