Official Website

کراچی کے پارک کی جھیل میں نہاتے ہوئے کئی افراد ڈوب گئے، 2 جاں بحق

6

کراچی: کلفٹن کے علاقے میں بے نظیر بھٹو شہید پارک کی جھیل میں نہاتے ہوئے متعدد افراد ڈوب گئے، جن میں سے 2 جاں بحق، 2 بے ہوش اور دیگر لاپتا ہیں۔

بوٹ بیسن چورنگی کے قریب بے نظیر بھٹو شہید پارک کے اندر جھیل میں بدھ کے روز 2 افراد کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے بعد کئی افراد ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے ڈوب گئے۔ اس دوران ایدھی کی بحری خدمات کی ٹیم نے ایک لاش بدھ کی شب اور دوسرے شخص کی لاش جمعرات کی صبح نکالی۔

رضاکاروں نے ایک دوسرے کو بچانے کے لیے ڈوبنے والے دیگر 2 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا جب کہ دیگر لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے فوری مدد نہ ملنے پر علاقہ مکینوں نے سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کر دیا ۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت 25 سالہ اللہ داد ولد نیاز اور دوسرے کی سیف اللہ کے نام سے ہوئی۔ دونوں کا آبائی تعلق پشاور سے تھا۔ متوفی اللہ داد کی لاش پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ضابطے کی کارروائی کے بعد تدفین کے لیے پشاور لے جانے کی اجازت دیدی جبکہ سیف اللہ کی لاش جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے8 بجے نکال کر جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ بدھ کی دوپہر 2 بجے سے لوگ ڈوبے ہوئے ہیں، اس دوران  ایدھی اور پاک بحریہ کے غوطہ خور آئے تھے اور کچھ دیر بعد چلے گئے۔ بعد ازاں لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈوبنے والوں کو بچانے کی کوشش کی۔ یہاں کی جھیل میں دلدل بنی ہوئی ہے، جس میں سے ایک لڑکے کی آواز آرہی تھی تاہم دلدل کی وجہ سے وہاں تک کوئی نہیں جا سکا ۔

انتظامیہ کی جانب سے بروقت مدد اور کارروائی نہ کیے جانے پر ہونے والے احتجاج کے نتیجے میں کیماڑی پورٹ جانے اور آنے والے ٹرالروں ، ٹرکوں اور ٹینکروں کی طویل قطاریں لگ گئیں  جس کی وجہ سے  جمعرات کی صبح تک ٹریفک کی روانی معطل رہی۔ بعدازں مظاہرین نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر احتجاج ختم کرکے ٹریفک بحال کرا دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق بے ہوشی کی حالت میں نکالے جانے والے دونوں افراد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے جب کہ علاقہ مکینوں کے مطابق حسین سمیت 2افراد کی تلاش میں ایک مرتبہ پھر ایدھی اور پاک بحریہ  کے غوطہ خوروں نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا  ہے۔