Official Website

وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب؛ پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا

34

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب ٰ سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

عدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی درخواست میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی، حمزہ شہباز اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اپیل میں کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے ہمارا مؤقف تسلیم کیا ہے،  عدالت نے مختصر نوٹس پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم دیا،تاہم شارٹ نوٹس پر اجلاس بلانے سے ریلیف کے بجائے ہمارا نقصان ہوگا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے اور فیصلہ تبدیل کرکے اجلاس بلانے کا مناسب وقت دیا جائے۔ ہمارے ارکان اجلاس میں شریک ہو سکیں، اس لیے مناسب وقت دینا ضروری ہے۔

پی ٹی آئی نے درخواست میں اپیل کی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی کامیابی کا نوٹی فکیشن معطل  کرکے انہیں عہدے سے ہٹایا جائے تاکہ صاف شفاف الیکشن ہو سکیں۔ لہٰذا پنجاب اسمبلی میں وزارت اعلیٰ کا الیکشن فوری معطل کیا جائے۔ تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ میں اپیل کے ساتھ فوری سماعت کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔