Official Website

کسی دباؤ میں آئیں گے نہ اشتعال میں، الیکشن کمیشن کا عمران خان کے بیانات پر ردعمل

28

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ہم کسی دباؤ میں آئیں گے نہ اشتعال میں بلکہ اشتعال اور دباؤ میں آئے بغیر ادارہ اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم اپنا آئینی کردار بلا کسی خوف و خطر ادا کرتے رہیں گے اور کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے، آپس کے جھگڑوں کو اپنے تک محدود رکھیں کیونکہ ہمارے لیے سب یکساں حیثیت رکھتے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو حمزہ اور مریم سے چھپ کر ملنے کی کوئی ضرورت نہیں، سیاستدان خود چیف الیکشن کمشنر سے ملنے آتے ہیں، الزام لگانا بہت آسان ہے لہٰذا کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔

ترجمان کے مطابق پنجاب انتخابات میں شفاف الیکشن کو یقینی بنائیں گے، ہم کسی مسٹر (X, Y, Z) کو نہیں جانتے بلکہ ہمارا کام شفاف غیر جانبدارانہ الیکشن کرانا ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن پوری طرح متحرک ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب ضمنی انتخابات کے لیے ڈی آر اوز، آر اوز، مانیٹرنگ ٹیمیں اور صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، پر امن پولنگ سیکیورٹی اداروں کو اپنا موثر کردار ادا کرنے کو کہا گیا ہے۔

صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ پرامن الیکشن کو یقینی بنایا جائے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلا خوف و امتیاز قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔