Official Website

عوامی رائے کو تسلیم کرنا ہی جمہوریت ہے، وزیر اطلاعات

32

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست پر کہا ہے کہ عوام کی رائے کو تسلیم کرتے ہیں جو آئین کے تحت اصل فیصلہ ساز ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوامی رائے کو تسلیم کرنا ہی جمہوریت ہے، پاکستان مسلم لیگ ن نے روشن جمہوری روایت قائم کی اور شفاف، آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن انتخابات کو یقینی بنایا۔

دوسری ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پی پی 7 راولپنڈی کی نشست پاکستان مسلم لیگ (ن) جیت چکی ہے لیکن پی ٹی آئی اور اس کے لیڈر ریٹرننگ افسر کے دفتر میں گھس کر دھونس، دھمکی اور غنڈہ گردی سے دباؤ میں لانے کی کوشش کررہے ہیں جو  قابل مذمت ہے۔

مریم اورنگزیب نے اسد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ پی ٹی آئی شفاف  الیکشن کو متنازع نہ بنائے۔

دوسری جانب ن لیگ کے سینئر رہنما پرویز رشید نے کہا کہ عوام ہی ہمیشہ درست فیصلہ کرتے ہیں، دراصل عوامی رائے کو تسلیم کرنا ہی جمہوریت ہے۔