Official Website

پہلے انتخابات ہیں جن کی شفافیت پر بدترین سیاسی مخالف بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے: وزیر اطلاعات

51

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کی میں یہ پہلے انتخابات ہیں جن کی شفافیت پر بدترین سیاسی مخالف بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے۔

گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن صرف 4 سیٹیں جیت سکی، ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب رہا۔

اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کے بیان کے بعد اب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے پاس وفاق اور پنجاب کی حکومت تھی تو دھاندلی کے ریکارڈ بنائے اور 3 اپریل کو اقتدار بچانے کے لیے آئین توڑا، اس کے برعکس مسلم لیگ ن نے وفاق اور پنجاب میں اقتدار کا استعمال الیکشن کمیشن کا عملہ اغوا کرنے، آئین پر حملے اور آئین شکنی کے لیے استعمال نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات اور جمہوری اقتدار کی پاسداری پر پختہ یقین رکھتی ہے اور گزشتہ روز کا انتخاب اس کا عملی مظاہرہ ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تاریخ میں یہ پہلے انتخابات ہیں جن کی شفافیت پر بدترین سیاسی مخالف بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے، امید ہے عمران صاحب الیکشن کمیشن کے خلاف اپنے تضحیک آمیز رویے پر معذرت کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کے عوام نے ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ ن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، پنجاب کے عوام کی مثالی خدمت کا سفر اسی جذبے اور تاریخی روایت کے مطابق جاری رکھیں گے، پنجاب کی ان 16صوبائی نشستوں پر ن لیگ کو اور مضبوط کریں گے۔