Official Website

شوکت ترین نے روپے کی قدر گرنے کی وجہ اور حل بھی بتا دیا

28

سابق وزیر خزانہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شوکت ترین نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے لیے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مہنگائی کا طوفان بدتمیزی آئے گا اور آپ کہہ رہے ہیں کہ معیشت ٹھیک ہے۔

کراچی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے آپ کو لاٹھی ماری تو آپ نے 450 ارب روپے کے ٹیکس لگا دیے، مفتاح صاحب، پلٹ تیرا دھیان کدھر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل نے دوست ممالک کی پیشکش کے بارے میں ذکر کیا، موجودہ حکومت نے دوست ممالک سے ڈالر لینے کا دعویٰ کیا، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل ہو گئی، آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد روپیہ مستحکم ہو جاتا تھا لیکن ان کے دعوؤں کے باوجود مارکیٹ میں استحکام نہیں ہے۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ سب کو بیوقوف بنا سکتے ہیں مگر مارکیٹ کو نہیں، یہ تمام تر معاشی حالات صرف سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کا طوفان بدتمیزی آئے گا اور مفتاح اسماعیل کہتے ہیں کہ معیشت ٹھیک ہے، روپیہ گر رہا ہے، مہنگائی کی وجہ یہ ہے کہ مارکیٹ کو ان پر اعتبار نہیں ہے۔

شوکت ترین نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال کی بہتری کا حل صرف صاف اور شفاف الیکشن ہیں۔