Official Website

آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی، ڈالر کی پرواز تھم گئی، روپے کی قدر میں اضافہ

21

کراچی: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پروگرام کی بحالی کے بعد پاکستان میں ڈالر کی قدر میں آج بھی کمی دیکھی گئی۔

انٹر بینک میں ڈالرکی قیمت میں ایک روپیہ 62 پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد انٹر بینک میں امریکی کرنسی 218 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کررہی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 3 روپے سستا ہونے کے بعد 221 روپے پر آگیا ہے۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے قرض پروگرام سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق قرض پروگرام میں جون 2023 تک توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے، پاکستان کیلئے قرض پروگرام 6 ارب ڈالر سے بڑھا کر ساڑھے 6 ارب ڈالر کر دیا گیا ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے ایک ارب 10 کروڑ ڈالرز کی قسط منظور کر لی گئی ہے۔