Official Website

ٹیم کا مورال بلند، فخر ہے میرے پاس رضوان جیسے وارئیرز ہیں: بابر اعظم

19

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ جیتنے کے بعد ہمارا مورال بلند ہوا، ہمارا پلان ہے کہ جس مومینٹم میں چل رہے ہیں وہی لے کر اگلے میچز پر چلیں، خوشی ہوتی ہے کہ کوئی نا کوئی کھلاڑی پرفارمنس دے رہا ہے،مختلف مین آف دی میچ آرہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میں آوٹ ہوتا ہوں تو محمد رضوان بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں، لوئر آرڈر کو پرفارمنس میں تھوڑی مشکل پیش آرہی تھی لیکن اب پرفارمنس آنا شروع ہوگئی ہے، محمد رضوان انجری کے باوجود پرفارمنس دے رہے ہیں ، ان کی ایم آر آئی ہوئی ہے وہ اب اچھا محسوس کررہے ہیں، مجھے خوشی ہوتی ہے کہ میرے پاس رضوان جیسے وارئیرز ہیں۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ لیفٹ رائٹ کمبی نیشن کی وجہ سے بھارت کو مشکل پیش آئی، محمد نواز کو کہا تھا کہ اپنی گیم کھیلیں اور بغیر کسی پریشر کے کھیل رہے ہیں، محمد نواز نے پلان کے مطابق بھارت کے خلاف کھیل پیش کیا،انہیں بیٹنگ اس نمبر پر مل نہیں رہی تھی لیکن جب ملی تو اچھا پرفارم کیا، ایشیاء کپ کی ٹرافی بولنے سے نہیں جیتی جاتی کوشش اور محنت کرنی پڑے گی، اپنے اوپر پورا یقین ہے کہ جہاں میرا جتنا لکھا ہے وہ ملنا ہے، ٹیم ہونے کے ناطے ہمارے کھلاڑی اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے اپنے اوپر لے رہے ہیں۔

کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے مزید کہا کہ ٹی ٹونٹی کی خوبصورتی ہے کہ کسی بھی باولر پر اٹیک ہوسکتا ہے، ہم نے باولنگ یونٹ میں اچھا اٹیک کیا اور اچھا کم بیک کیا، اپنے کھلاڑیوں کو جو بھی پلان دیتا ہوں وہ بخوبی اس پر عمل درآمد کرتے ہیں، کپتان ہونے کے ناطے بہت کچھ سیکھا ہے، سیکھنے کا عمل ہر وقت جاری رہتا ہے۔