Official Website

مائنس ون کے فارمولے پاکستان میں نہیں چلے: شاہ محمود

16

ملتان:  تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مائنس ون کے فارمولے ماضی میں بھی پاکستان میں نہیں چلے اور اب بھی نہیں چلیں گے۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا ضمنی الیکشن کو ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا، ضمنی الیکشن میں پی ڈی ایم کی شکست واضح ہو چکی تھی، الیکشن کمیشن نے ہمیں ایک بار پھر مایوس کیا۔

توہین عدالت کیس سے متعلق سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کا مؤقف آنے کے باوجود ان کے ساتھ کیا ہوا، عدالتی معاونین نے بھی یہ کیس ڈراپ کرنے کا کہا، مائنس ون کے فارمولے پاکستان میں نہیں چلے۔

ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا اسمبلی میں جانے سے متعلق پارٹی کے اندر دو رائےہیں، ایک رائے اسمبلی میں واپس جانے اور دوسری نہ جانے کی رائے ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا عمران خان نے ہمشہ فوج کی دہشتگردی کے خلاف کوششوں کو سراہا ہے، آرمی چیف کی تعیناتی آئین کے مطابق ہونی چاہیے، یہ ہمیں فوج سے لڑانا چاہتے ہیں، ہم ان کی چالاکیاں سمجھتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کی جانب سے عمران خان پر تنقید سے متعلق سوال پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بلاول اس وقت فارن آفس میں انٹرن شپ کر رہے ہیں۔