Official Website

پاک فوج، رینجرز اور سول اداروں نے دادو گرڈ سٹیشن ڈوبنے سے بچا لیا

10

دادو : پاک فوج، رینجرز اور سول اداروں نے بروقت کارروائی کر کے دادو گرڈ سٹیشن کو ڈوبنے سے بچا لیا، پاک فوج، رینجرز اور سول اداروں کی جانب سے 36 گھنٹے مسلسل کام کے بعد 2 اعشاریہ 4 کلومیٹر پر پروٹیکشن بند بنایا گیا، بند کے نتیجے میں دادو گرڈ سٹیشن سیلابی ریلے سے محفوظ رہا۔

گرڈ سٹیشن کے اِرد گرد بند بنانے سے نہ صرف یہ گرڈ محفوظ رہا بلکہ علاقے کو بجلی کی فراہمی بھی منقطع نہیں ہوئی، پاک فوج اور انجینئرز کور کے تمام پلانٹ آلات کو ِاس کام پر لگایا گیا، علاقے کے لوگوں نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ منچھر جھیل سے خارج ہونے والا سیلابی ریلا دادو کا رنگ بند عبور کر کے آبادی کی جانب بڑھنے کے باعث 500 کے وی گرڈ سٹیشن کو خطرہ تھا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز دادو میں سیلابی ریلے سے گرڈ سٹیشن کو بچانے کی فوری ہدایات دی تھیں، وزیرِ اعظم نے اعلیٰ سول و فوجی قیادت کو تمام تر وسائل بروئے کار لا کر گرڈ سٹیشن کو سیلاب سے بچانے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گرڈ سٹیشن کو فوری طور پر سیلاب سے متاثر ہونے سے بچایا جائے، گرڈ سٹیشن کا بچاؤ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے نہایت ضروری ہے۔