Official Website

ایشیاکپ میں شکست نے سلیکٹرز کو امتحان میں ڈال دیا، ٹیم کے دوبارہ انتخاب پر مشاورت

11

 لاہور: ایشیاکپ فائنل میں  شکست نے سلیکٹرز کو بھی امتحان میں ڈال دیا۔

سلیکٹرز انگلینڈ سیریز، دورہ نیوزی لینڈ اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی  ورلڈکپ کے لیے ٹیم کے دوبارہ انتخاب کے لیے  مشاورت پر مجبور ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق فخر زمان، خوش دل شاہ  کے ساتھ  آصف علی بھی ڈینجرزون میں ہیں۔ البتہ ان فارم شان مسعود کی ٹیم میں واپسی کا روشن امکان ہے۔

سلیکشن کمیٹی نے ممکنہ  کھلاڑیوں  کا انتخاب مکمل کرلیاتھا اور  مجوزہ پروگرام کے مطابق قومی ٹیم کا اعلان منگل کو کیاجانا تھا تاہم سری لنکا کے خلاف دو میچوں میں شکست نے سب پلان پر پانی پھیردیا۔

ملتان میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے دوران چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ساتھی سلیکٹرز کے ساتھ بیٹھ کر فائنل میچ دیکھا اور  فخر زمان، خوش دل شاہ، آصف علی  سمیت بعض دوسرے کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر بھی  تشویش کا اظہار کیا۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم  سلیکٹرز کے ساتھ  ابتدائی بات چیت کے بعد لاہور واپس آگئے ہیں۔ اب انہیں کپتان بابر اعظم اور ہیڈکوچ ثقلین مشتاق کی واپسی کا انتظار ہے تاکہ ان  کے ساتھ  ٹیم میں تبدیلیوں  پر مشاورت کرسکیں۔  میڈیکل پینل سے لندن میں ری ہیب میں مصروف شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس پر بھی رپورٹ لی جائے گی۔

انہیں نیوزی لینڈ اور ورلڈکپ اسکواڈ میں فٹنس سے مشروط کرکے ٹیم کا حصہ بنایاجائے گا۔ انگلینڈ کی ٹیم پندرہ ستمبر کو 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے کراچی پہنچ رہی ہے جبکہ  پی سی بی کو انگلینڈ کی آمد سے پہلے  اور  پندرہ ستمبر تک آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے ٹیموں کا اعلان کرنا ہے۔  سلیکشن کمیٹی ان کھلاڑیوں کو ورلڈکپ میں نمائندگی کا موقع دینا چاہتی ہے جو آسٹریلوی کنڈیشنز میں بہتر پرفارمنس دے سکیں۔