Official Website

‘میرے دوست اور میرے حریف،کاش یہ دن کبھی نہ آتا’، نڈال کا فیڈرر کی ریٹائرمنٹ پر ردعمل

10

اسپین سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے سوئٹزرلینڈ  کے راجر فیڈرر کی ریٹائرمنٹ پر تبصرہ کیا ہے۔

رافیل نڈال نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ’میرے دوست اور میرے حریف،کاش یہ دن کبھی نہ آتا،میرے لیے اور کھیل کی دنیا کے لیے آج افسوس کا دن ہے’۔

 انہوں نے کہا کہ آپ کے ساتھ کورٹ پر اور کورٹ سے باہر وقت گزارنا اعزاز کی بات ہے،امید ہے آئندہ بھی ہم مل کر بہت کچھ کر سکیں گے،لندن میں لیورکپ کے دوران آپ سے ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ ٹینس کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی راجر فیڈرر نے گزشتہ روز ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں راجر فیڈرر نے گرینڈ سلم اور اے ٹی پی ٹور ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ رواں سال لندن میں ہونے والا لیور کپ ان کا آخری بڑا ایونٹ ہوگا۔

41 سالہ ٹینس اسٹارکا کہنا تھا کہ میرے جسم نے مجھے واضح پیغام دے دیا ہے، میں نے 24 سال میں 1500 سے زائد میچز کھیلے اور اب مجھے سمجھنا چاہیےکہ کیریئر کو کہاں ختم کرنا ہے۔

فیڈرر کا کہنا تھا کہ میں کھیل سے محبت کرتا ہوں اور اسے کبھی نہیں چھوڑوں گا۔

رافیل نڈال کا فیڈرر کےلیےپیغام