Official Website

سری لنکا کرکٹ نے چھمیکا کرونارتنے پر ایک سال کی پابندی لگا دی

7

کولمبو: سری لنکا کرکٹ نے ضابطے کی خلاف ورزی پر چھمیکا کرونارتنے پر ایک سال کی پابندی لگا دی۔

تفصیلات کے مطابق پلیئر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزام پر کرونا رتنے کو 5 ہزار ڈالر جرمانہ بھی کیا گیا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے بیان میں جرم نہیں بتایا گیا، آئندہ محتاط رہنے کی تنبیہ کی گئی۔

بورڈ کی پابندی کے باعث کرونا رتنے افغانستان کے خلاف 3 ون ڈے میچوں کی ہوم سیریز سے باہر ہوگئے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار دانوشکا کو معطل کر دیا

خیال رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کرکٹ بورڈ نے دانوشکا گونا تھیلاکا کو سڈنی میں ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتاری کے بعد معطل کر دیا تھا۔

31 سالہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل دانوشکا گوناتھیلاکا پر آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران رضامندی کے بغیر جنسی تعلقات کے چار الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سڈنی کی عدالت نے دانوشکا گونا تھیلاکا کی جانب سے پیش کی جانے والی ضمانت کی درخواستوں کو بھی مسترد کر دیا تھا۔

سری لنکا کرکٹ نے کہا کہ گوناتھیلاکا جنہیں اتوار کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب گرفتار کیا گیا تھا، کو فوری طور پر تمام کرکٹ سے معطل کر دیا گیا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سری لنکا کرکٹ مبینہ جرم کی فوری طور پر انکوائری کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا، اور آسٹریلیا میں عدالتی کیس کے اختتام پر، مجرم پائے جانے پر مذکورہ کھلاڑی کو سزا دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کرکٹ اس بات پر زور دینا چاہتا ہے کہ وہ کسی کھلاڑی کی طرف سے اس طرح کے کسی بھی طرز عمل کے لیے ‘زیرو ٹالرینس’ کی پالیسی اپناتا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق آسٹریلوی قانون نافذ کرنے والے حکام کو بورڈ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرنے کے لیے تمام مطلوبہ مدد فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ دانوشکا گونا تھیلاکا پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے بدھ 2 نومبر کو ایک 29 سالہ خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔

یہ گرفتاری سری لنکا کے ورلڈ کپ کے آخری میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں چار وکٹوں سے شکست کے چند گھنٹے بعد ہوئی ہے.

گوناتھیلاکا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ نمیبیا کے خلاف کھیلا، لیکن 20 اکتوبر کو چوٹ کی وجہ سے باقی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے، وہ آسٹریلیا میں اسکواڈ کے ساتھ رہے تھے۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس کا کہنا ہے کہ دانوشکا گونا تھیلاکا نے ڈیٹنگ ایپ پر کئی دنوں تک بات چیت کرنے کے بعد اس خاتون سے ملاقات کی۔