Official Website

بالی وڈ کے تینوں خانز کا دور اپنے اختتام کو پہنچ چکا‘

54

ممبئی:
بالی وڈ کے خود ساختہ فلمی ناقد کمال آر خان کا کہنا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے تینوں خانز کا دور اب اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک دہائی سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا لیکن بالی وڈ کے تینوں خانز (شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان) اب بھی انڈسٹری پر راج کر رہے ہیں اور اس بات کا اندازہ باکس آفس کے اعداد و شمار سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کمال خان نے اپنے حالیہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ بالی وڈ کے تینوں خانز کا دور ختم ہوگیا، ان تینوں میں حد سے زیادہ گھمنڈ اور حسد ہے جس کا اب انہیں سامنا کرنا پڑے گا۔

فلمی ناقد نے کہا ’وقت کسی کا نہیں ہوتا، وہ آتا ہے اور چلا جاتا ہے، مغل اور برطانیہ بھی اپنی حکمرانی ہندوستان میں برقرار نہیں رکھ سکے، اسی طرح تینوں خانز کا دور بھی اب ختم ہو چکا ہے۔‘

کمال خان نے مزید کہا کہ اسلام بھی کہتا ہے کہ گھمنڈ اور حسد دو ایسی چیزیں ہیں جو انسان کی تباہی کا باعث بنتی ہیں، یہ دونوں چیزیں ان تینوں خانز میں کثرت سے پائی جاتی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بھی تباہ چکے۔

گزشتہ روز فلمی ناقد نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میں سلمان خان کا کیریئر ختم کر دوں گا اور تب تک نہیں رکوں گا جب تک یہ سپر اسٹار بالکل صفر نہیں ہو جاتا۔