
بھارتی اداکار رمیش بابو چل بسے
ممبئی:
بھارتی اداکار اور پرڈیوسر رمیش بابو 56 برس کی عمر میں دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آنجہانی اداکار کو طبیعت ناساز ہونے کے بعد حیدرآباد کے اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ بے ہوشی کی حالت میں رہے۔ اہل خانہ کے مطابق رمیش بابو جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ کئی روز سے اُن کی طبیعت ٹھیک بھی نہیں تھی۔
ایک روز قبل ڈاکٹرز نے رمیش بابو کا حرکت قلب بند ہونے کی تصدیق کی جس کے بعد اہل خانہ اور فلم انڈسٹری سوگ میں ڈوب گئی۔ طبی ماہرین نے موت کی وجہ جگر کے عارضے کو قرار دیا۔
رمیش بابو لیجنڈ سپر اسٹار کرشنا کے صاحبزادے تھے جبکہ اُن کے بھائی مہیش بابو کا شمار بھی نامور اداکاروں میں ہوتا ہے۔
آنجہانی اداکار نے 12 سال کی عمر میں 1987 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سم رات‘ سے بطور چائلڈ ہیرو ڈیبیو کیا، جس کے بعد وہ 1996 تک 15 مختلف فلموں میں نظر آئے۔
بعد ازاں رمیش بابو نے 1997 میں اپنی والدہ کے نام کا پروڈکشن ہاؤس بنا کر بطور پرڈیوسر کا کام کیا اور مقامی انڈسٹری کو شاندار فلمیں بھی دیں۔