Official Website

پینشن وصولی کے لیے مردہ شخص پوسٹ آفس پہنچ گیا

58

کارلو: آئر لینڈ کی پولیس ایک عجیب و غریب واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہے جس میں ایک مُردہ شخص کو اُس کی پینشن وصول کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر پوسٹ آفس لایا گیا۔

آئرش ٹائمز کے مطابق آئرلینڈ کے قصبے کارلو میں 2 نوجوان ایک بوڑھے مرد کے بےجان جسم کو سہارا دیے ہوئے مقامی پوسٹ آفس میں داخل ہوئے۔ عملے کی جانب سے جب استفسار کیا گیا تو دونوں نوجوان بھاگ کھڑے ہوئے اور 60 سال کے لگ بھگ شخص کو وہیں چھوڑ گئے جو کہ بعد میں پتہ چلا کہ مُردہ تھا۔

آئرلینڈ کی نیشنل پولیس فورس کا کہنا ہے کہ فی الوقت تحقیقات کا مرکز بوڑھے شخص کی موت ہے، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا جائے گا تاکہ پتا لگایا جاسکے کہ آدمی کی موت کیسے ہوئی۔
آئرش ٹائمز کے مطابق جو دو نوجوان لاش کو لائے تھے اُن میں سے ایک نے پوسٹ آفس کے کاؤنٹر پر کسی کی پینشن وصول کرنے کے بارے میں پوچھا تھا جس پر جواب دیا گیا تھا کہ جس کی پینشن ہے اُسے موجود ہونا لازمی ہے، بعد میں دونوں نوجوان پینشن کے حق دار شخص کی لاش پوسٹ آفس لے آئے۔