
ٹیسٹ چیمپئین شپ میں بھارت کی مشکلات کی بڑی وجہ ’’آئی پی ایل‘‘ ہے
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کے مشکلات میں ہونے کی بڑی وجہ ٹیسٹ کرکٹ کے بجائے لیگ کرکٹ کو ترجیح دینے کا سبب قرار دے دیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا کہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں 7 لوکل اور 4 پروفیشنلز کھلاڑی کھیلتے ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں 11 ہی پروفیشنلز ہوتے ہیں، اس لئے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت مشکلات میں ہے، اگر ہم ٹی20 کا کھلاڑی اٹھا کر ٹیسٹ میں رکھ لیں تو سلیکشن پر سوالات اٹھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں جو کھلاڑی جس فارمیٹ میں پرفارم کررہا ہے اسکو وہاں موقع دیں، کرکٹ کے تمام فارمیٹ کی بنیاد ٹیسٹ کرکٹ ہے۔
سلمان بٹ نے کہا کہ بڑے فارمیٹ کو چھوڑ کر چھوٹے فارمیٹ میں جانے والا کھلاڑی اپنے ساتھ زیادتی کرتا ہے، انہوں نے ویسٹ انڈیز کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے چھوٹے فارمیٹ کو ترجیع دی آج وہ ورلڈکپ کوالیفائر کھیلنے پر مجبور ہیں، ہمیں ترجیحات میں ٹیسٹ کرکٹ کو شامل کرنا ہوگا۔
دوسری جانب ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل میں آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک بھارت پر 296 رنز کی برتری حاصل ہے جبکہ ابھی 6 وکٹیں باقی ہیں۔
بھارت کنگروز کی پہلی اننگز کے 469 رنز کے جواب میں محض 296 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگیا تھا۔