Official Website

وزیراعظم کی سٹاک مارکیٹ میں غیرمعمولی اضافے پر قوم اور کاروباری برادری کو مبارکباد

27

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکس چینج میں غیر معمولی اضافے کے ساتھ کاروبار کے آغاز اور نیا ریکارڈ قائم ہونے پر قوم اور کاروباری برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلسل محنت اور درست پالیسیوں کے نتیجے میں معاشی بحالی کے آثار نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائد محمد نوازشریف نے معاشی ترقی، مہنگائی میں کمی اور پاکستان کی تعمیر وترقی کا سفر جہاں چھوڑا تھا، وہیں سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے، الحمدللہ! ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے، شدید مایوسیوں کے بعد اُمید کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے، قوم کو مبارک ہو۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدے اور 3 ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے نتیجے میں سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد تیزی سے بحال ہو رہا ہے، خدا کرے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر یوں ہی جاری رہے، پاکستان کی ترقی کے بیج جڑ پکڑنا شروع ہوگئے ہیں، پرخلوص محنت، دیانت داری اور سچائی ثمر لا رہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جس طرح 2013ء سے 2018ء کے درمیان پاکستان کو توانائی کے بحران، دہشت گردی اور دیگر مسائل سے نجات دلائی تھی، معاشی ترقی لائے تھے، ایک بار پھر اسی جذبے سے پاکستان کو ترقی کی راہ پر لارہے ہیں، قومی ترقی اور معاشی استحکام کے سفر کو اسی سمت اور اسی جذبے و محنت سے جاری رکھنا ہوگا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ جس طرح نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کا آغاز کیا، معیشت بحال کی، مہنگائی 4 فیصد اور کھانے پینے کی اشیاء کی شرح 2 فیصد پر لائے تھے، ترقی کی شرح 6.1 فیصد اور پالیسی ریٹ ساڑھے 6 فیصد پر تھا، اب دوبارہ ترقی کے اسی سفر کی طرف لوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب زراعت، آئی ٹی، صنعت سمیت دیگر تمام شعبوں میں ترقی کا سفر تیز ہوگا، ان شا اللہ۔ پھر عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، نوجوانوں کو روزگار، کاروبار اور معاشی خودمختاری سے ہمکنار کریں گے۔