Official Website

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت تیزی سے بڑھنے لگی

38

لاہور: (ویب ڈیسک) گزشتہ دو ہفتوں سے سستی ہونے والی امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر تیزی سے بڑھنے لگی جبکہ سٹاک مارکیٹ میں دوبارہ مندی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 23 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور قدر 176 روپے 49 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 72 پیسے ہو گئی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں ماہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی طرف سے ہونے والی بورڈ میٹنگ کے بعد پاکستان کو ملنے والی قسط کے اجراء کے بعد امکان ہے روپے کی قدر کے بحال ہونے کا تسلسل شروع ہو جائے گا۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث اُتار چڑھاؤ کے بعد 36.14 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 44887.77 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا اور پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.08 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 9 کروڑ 69 لاکھ 39 ہزار 523 شیئرز کا لین دین ہوا۔