Official Website

پاکستان کو بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کیا جاسکتا: فواد چودھری

28

جہلم:  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان بہت عظیم ملک ہے، بلاول بھٹو اور مریم نواز کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔

جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے گہری سازش ہے، کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں جب معیشت ملی تو دیوالیہ حالت میں تھی مگر ہم نےگری ہوئی معیشت کواپنایا اور مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی، آج پاکستان میں 929 بڑی کمپنیاں ہیں۔ اپوزیشن کو سینیٹ میں بھی شکست کاسامنا کرنا پڑا، جس ایوان میں (ن) لیگ اورپیپلزپارٹی کو نام نہاداکثریت حاصل تھی انہیں وہاں بھی شکست ہوئی، اپوزیشن کی کوئی پالیسی نہیں ہے، یہ ایوان میں کچھ اور باہر کچھ کہتے ہیں، ہمارے کوئی سیاسی مخالفین نہیں، ہم اپنے ووٹر کو جوابدہ ہیں اس لیے پی ٹی آئی کا ووٹر ہمیں پالیسی ڈکٹیٹ کرےگا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ ملک بلاول اورمریم کےحوالے نہیں کیاجاسکتا، یہ ملک بہت عظیم ہے اور اس ملک کی قیادت کیلئے یہ دونوں بہت بھولے ہیں لہٰذا بلاول کوچاہیےکہ میئرکراچی کا الیکشن لڑیں، دونوں کو چاہیے کہ نیچے سے اوپر آنے کا سفر شروع کریں، بلاول اور مریم کا قد نہیں ہے کہ وہ خود کو قومی لیڈر کہیں، ان کا انحصار فضل الرحمان کے مدرسے کے بچوں پر ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ راوی ریور روڈہاؤسنگ سوسائٹی نہیں بلکہ پورا شہر ہے اور شہربسانے سے متعلق فیصلہ حکومت نے کرنا ہوتا ہے، عدلیہ پالیسی فیصلہ سازی میں تو نہیں آسکتی اور جب بھی عدلیہ نے پالیسی فیصلہ سازی میں دخل اندازی کی ہے تو ملک کو نقصان ہوا اس لیے جتنا ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر چلیں گے اتنا فائدہ ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری نے کہا کہ احتساب کے عمل سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، ہمارا ووٹر ہمیں اس کی اجازت نہیں دےگا۔