Official Website

کالج جانے کی عمر میں سکیورٹی اہلکار زین نے ملک کو اپنا لہو دیا: فواد چوہدری

51

وفاقی وزیر برائے نشریات و اطلاعات فواد چوہدری نے کیچ میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید سکیورٹی اہل کار زین علی کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے ۔

فواد چوہدری سکیورٹی اہلکار زین علی کے گھر پہنچے اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اہلخانہ کے جذبے کو سراہا۔

اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 23 سال کی عمر کالج جانے کی ہوتی ہے، زین علی نے اس عمر میں پاکستان کے لیے اپنا لہو دیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم شہدا کے لہو کے مقروض ہیں، پورا ملک ان خاندانوں کا احسان مند ہے اور شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ ریاست اور حکومت ان کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لے گی۔

خیال ر ہے کہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں 25 اور 26 جنوری کی درمیانی رات سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پردہشت گردوں کے حملے میں 10 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔