Official Website

22 ہزار 500 جی بی کی ہارڈ ڈسک پیش کردی گئی

53

کیوپرٹینو، کیلیفورنیا: ہارڈ ڈسک بنانے والی مشہورِ زمانہ کمپنی ’سی گیٹ‘ نے 22 ٹیرابائٹ (22,528 گیگابائٹ) گنجائش والی ہارڈ ڈرائیو کی محدود پیمانے پر فروخت شروع کردی ہے۔

ویب سائٹ ’ٹامز ہارڈویئر‘ کے مطابق، 22 ٹیرابائٹ ہارڈ ڈرائیو کی فروخت کا آغاز صرف چند صارفین سے کیا گیا ہے تاہم یہ جلد ہی بڑے پیمانے پر فروخت کےلیے دستیاب ہوگی؛ اور اس کی قیمت کا اعلان بھی اسی وقت کیا جائے گا۔

سی گیٹ کا کہنا ہے کہ روایتی مقناطیسی ہارڈ ڈسک میں پہلے سے زیادہ ڈیٹا سمونے کےلیے ’سنگلڈ میگنیٹک ریکارڈنگ‘ (ایس ایم آر) ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
اس طرح 20 ٹیرابائٹ والی ہارڈ ڈسک میں 22 ٹیرابائٹ ڈیٹا کامیابی سے محفوظ کیا گیا ہے۔

سرِدست بازار میں زیادہ سے زیادہ 20 ٹیرابائٹ والی ہارڈ ڈرائیوز دستیاب ہیں جو بالترتیب سی گیٹ کی ’’آئرن وولف پرو‘‘ اور ویسٹرن ڈیجیٹل کی ’’ڈبلیو ڈی گولڈ‘‘ ہیں جبکہ ان دونوں کی قیمت 600 ڈالر سے زیادہ ہے۔

لہذا یہ توقع کی جاسکتی ہے ک سی گیٹ کی 22 ٹیرابائٹ والی ہارڈ ڈرائیو بھی اچھی خاصی مہنگی ہوگی۔

واضح رہے کہ سی گیٹ کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے کہ وہ 2023 تک 30 ٹیرابائٹ، 2026 تک 50 ٹیرابائٹ، اور 2030 تک 100 ٹیرابائٹ گنجائش والی ہارڈ ڈسک ڈرائیوز فروخت کےلیے پیش کردے گی۔