Official Website

پریانتھا کیس میں روپوش 2 ملزمان گرفتار

63

سیالکوٹ میں قتل کیے جانے والے سری لنکن شہری پریانتھاکمارا قتل کیس میں مزید 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار دونوں ملزمان واقعے کے وقت فیکٹری کی چھت پر موجود تھے اور روپوش ہونے کے باعث ملزمان کو اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا تھا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ مقدمے میں گرفتار ملزمان کی تعداد 88 ہو گئی ہے جب کہ گرفتار ملزمان حمزہ اور لقمان کو آج انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالہ میں پیش کیا جائیگا جہاں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت سے استدعا کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق پریانتھا کمارا قتل کیس کے 79 ملزمان پہلے سے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں اور 7 ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر گوجرانوالہ جیل میں ہیں۔

پسِ منظر

خیال رہے کہ 3 دسمبر 2021 کو اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کے لیے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔

انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔