Official Website

دہشتگردوں کا حملہ پسپا، وزیراعظم و دیگر کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

36

لاہور:  وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے کو پسپا کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں گزشتہ رات دہشت گرد حملوں کو ناکام بنانے پر بہادر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی عظیم قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔

وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ہم اپنی بہادر سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بلوچستان کے علاقے پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنایا، قوم ہماری سیکورٹی فورسز کے پیچھے متحد کھڑی ہے جو ہماری حفاظت کے لیے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں۔

دہشتگرد حملوں سےڈرا نہیں سکتے: عبدالقدوس بزنجو

حملوں کو ناکام بنانے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کو بزدلانہ حملوں سے ڈرا نہیں سکتے، ہماری سیکیورٹی فورسز تاریخ رقم کر رہی ہیں۔ دہشت گردوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کا مقابلہ دنیا کی بہترین فوج سے ہے جو انہیں ہر محاذ پر شکست دے گی، ان کی قربانیاں ان کے شانہ بشانہ کھڑی قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔

انہوں نے شہید فوجی کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں: شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بلوچستان کے علاقے پنجگور اور نوشکی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں اور شہید فوجیوں کی تعداد سے معلومات فراہم کی ہیں۔

وزیر داخلہ نے ٹوئٹر پر جاری ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ نوشکی میں 9 دہشت گرد مارے گئے اور 4 فوجی شہید ہوئے، جبکہ پنجگور حملے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کو دونوں جگہوں سے پسپا کر دیا گیا اور پاک فوج نے اپنی روایت کو زندہ رکھا، پنجگور میں 4 سے 5 افراد فوج کے گھیرے میں ہیں جنہیں پاک فوج شکست دے گی، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج نے یہ ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

وزیر داخلہ نے سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوم متحد ہے: شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہبلوچستان کے علاقوں میں دہشت گردوں کے حملوں کے خلاف جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے پر افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام ارض وطن کے دفاع، سلامتی اور امن کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے اپنے بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوم متحد اور یکسو ہے۔

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت، بلاول کا اظہار افسوس

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے ضلع پنجگور اور نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک افسر سمیت متعدد جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے پنجگور اور نوشکی میں دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور کہا دہشگردی کسی بھی شکل میں ہو، تہذیب اور انسانیت کی قاتل ہے، ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے والے عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہماری قومی خودمختاری کی حفاظت کے عزم کی دلیل ہے، پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد ہے اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

دہشتگردوں کے رابطے بھارت اور افغانستان سے ملے ہیں: ضیاء لانگو

بلوچستان کے مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ نوشکی اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گرد وں کے رابطے بھارت اور افغانستان سے ملے ہیں۔

کوئٹہ میں میڈیا کو نوشکی، پنجگور میں سکیورٹی فورسز حملوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ضیاء لانگو کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ دھائیوں سے بلوچستان میں دہشت گردی جاری ہے۔ دہشت گردی نے صوبے کے ہر مکتبہ فکر کو نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہادر سیکورٹی فورسز نے امن کی خاطر قربانیاں دی ہے بلوچستان کے امن کو خراب کرنے والوں کو بیرون ممالک سے پشت پنائی حاصل ہے۔ سیکورٹی فورسز نے پنجگور اور نوشکی کو بڑی تباہی سے بچایا ہے۔

مشیر داخلہ کا کہنا تھا کہ علاقے میں بازار بند ہے، جب تک دہشت گرد مارے نہیں جاتے بازار بند رہے گا۔ 4سے 5 دہشت گرد لڑائی کے دوران بازار میں گئے اور زندہ ہیں۔ داعش کی طرف سے بھی تھریٹس تھے۔ سکیورٹی فورسزنےبہادری سےدہشتگردوں کامقابلہ کیااورانہیں پسپاکیا۔ شہید ہونیوالے جوانوں کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی نوشکی اور پنجگور میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حملے میں شہید جوانوں کی وطن عزیز کیلئے قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ امن کیلئے اپنا آج قربان کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

گورنرپنجاب چودھری محمد سرور

گورنر پنجاب چودھری سرور نے ٹویٹر پر لکھا کہ پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانیوالے قوم کے سپوتوں کو سلام

انہوں نے لکھا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین افواج موجود ہے، 22کروڑ عوام دہشت گردوں اور انکے سہولتوں کاروں کے خلاف متحد ہے، قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، 22 کروڑ عوام کو اپنی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، قوم افواج پاک کے ساتھ متحد اور یکجا کھڑی ہے۔