Official Website

‘عمران صاحب نے ہر پاکستانی بچے، بوڑھے، نوجوان، خواتین کو مقروض بنا دیا’

45

اسلام آباد: مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب نے ہر پاکستانی بچے، بوڑھے، نوجوان، خواتین کو مقروض بنا دیا، ان کے مسلط ہونے کے بعد ہر پاکستانی پر واجب الادا قرض میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔

ترجمان ‎مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ‎پاکستان کی تاریخ میں لئے گئے کل قرض کا 70 فیصد عمران صاحب نے لیا، ان کی وجہ سے ہر پاکستانی 58 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 79 ہزار روپے کا مقروض ہو چکا، ‎دو کڑوڑ بیس لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیئے گئے، ان میں میں سے ایک کروڑ چالیس لاکھ بچے ہیں، ‎وزیر خزانہ نے بڑی خوشی سے ایک ارب ڈالر مقروض ہونے کا اعلان کیا، ‎عمران صاحب پر نظر رکھی جائے، آئی ایم ایف سے قرض لینے پر خودکشی ہی نہ کرلیں؟۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ عمران صاحب نے قوم پر جو قرض لادا ہے، یہ کون ادا کرے گا؟ ‎قرض لینے کا عمران صاحب کا تاریخی ریکارڈ پاکستان کے لئے خطرناک ہے، پاکستان سب سے زیادہ مقروض، لیکن عمران خان کا بنی گالہ کا محل ریگولرائز ہوگیا، پاکستان کی فی کس آمدن کم ہوگئی، لیکن تین سال میں عمران صاحب کی آمدن 90 فیصد بڑھ گئی، تین سال میں عمران صاحب کو تو سب کچھ نیا مل گیا، لیکن عوام کو قرض، بھوک، بے روزگاری اور مہنگائی کے سوا کیا ملا ؟ عمران صاحب عوام کے لئے کچھ نہیں کر سکتے، خودکشی کرنے کا ہی سوچ لیں، شاید کامیابی ہو جائے اور عوام کو سکون آ جائے۔