
اسلام آباد میں چیکنگ کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 1 ڈاکو ہلاک دوسرا زخمی
اسلام آباد: تھانہ ترنول میں چیکنگ کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ ترنول کے علاقہ ای 16 میں پولیس پارٹی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف معمول کی چیکنگ کررہی تھی، چیکنگ کے دوران پولیس اہلکاروں نے ایک ہنڈا گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈاکوؤں نے گاڑی روکنے کے بجائے بھگادی، پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو پیچھا کرکے دوبارہ روکنے کی کوشش کی تو گاڑی میں بیٹھے4 ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی۔
حکام کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے، تاہم فائرنگ کے تبادلہ میں ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، دو فرار ہوگئے، پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال گاڑی قبضہ میں لے لی، جس میں سے اسلحہ و ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں مرنے والے ڈاکو کی شناخت عامر شہزاد عرف چوہا کے نام سے ہوگئی ہے، جب کہ زخمی ڈاکو کی شناخت راشد الہی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم راشد الہی راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں ڈکیتیوں کے 22 مقدمات میں جیل جاچکا ہے، اور ہلاک ہونے والا عامر شہزاد راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، خوشاب میں ڈکیتیوں کے 13 مقدمات میں جیل جاچکا تھا۔ ڈاکووں کا یہ بدنام زمانہ خطرناک گروہ اسلام آباد پولیس کو حالیہ ڈکیتیوں سمیت متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا، جو گھروں میں گھس کر گن پوائنٹ پر ڈکیتیاں کرتا تھا۔