Official Website

بھارتی فوج کے 7 اہلکار برفانی تودے میں دب گئے، ہلاکتوں کا خدشہ

41

نئی دہلی: بھارتی ریاست اروناچل پردیش کے پہاڑی سلسلے میں گشت پر مامور فوجی اہلکاروں کی ٹیم پر برفانی تودہ گر گیا جس کے نتیجے میں 7 اہلکار دب گئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریاست اروناچل پردیش میں بھوٹان کی سرحد کے نزدیک بھارتی فوج کے اہلکار گشت کے دوران برفانی تودے کی زد میں آگئے۔

واقعے کے پندرہ گھنٹے بعد بھی ریسکیو ٹیم کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔ کسی بھی اہلکار کو زندہ یا مردہ حالت میں نہیں نکالا جا سکا ہے۔ موسم کی خرابی اور مسلسل برفباری کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سخت موسم میں اتنے عرصے تک برفانی تودے تلے دبے رہنے کی وجہ سے ان اہلکاروں کے زندہ بچ جانے کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔ موسم کی خرابی کے باعث ریسکیو کا کام بند کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں دشوار گزار اور دور دراز علاقوں میں تعینات اہلکاروں نے سہولتوں کے فقدان اور سینیئر افسران پر جان بچانے کے لیے انتظامات نہ کرنے پر تنقید بھی کرتے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ سیاچن سمیت ایسے علاقوں میں موسم کی خرابی اور برفانی تودے کے گرنے کے واقعات میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوج کے اہلکاروں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔