
کشمیر سے اظہار یکجہتی پر بھارت نے جنوبی کوریا کے مندوب کو طلب کرلیا
نئی دہلی: جنوبی کوریائی کمپنی ہونڈائی موٹر کے پاکستانی پارٹنر نشات گروپ نے کشمیر سے اظہار یکجہتی پر ٹویٹ کیا تھا جس پر بھارت نے جنوبی کوریا کے مندوب کو طلب کرلیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق جنوبی کوریائی کمپنی کے پلیٹ فارم پر پاکستان سے کیے گئے کشمیر سے اظہار یکجہتی کے ٹویٹس نے بھارتی عوام کو مشتعل کردیا ہے اور کمپنی کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔ جنوبی کوریا اور بھارتی وزرا خارجہ نے اس حوالے سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ فون پر جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چنگ ای ینگ نے بھارتی ہم منصب سبرامنیم جیشنکر سے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں اتوار کے روز عوام اس وقت مشتعل ہوئے جب ہونڈائی موٹر کی پارٹنر کمپنی نشات گروپ نے انسٹاگرام، فیس بُک اور ٹویٹر پر کشمیر سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے تبصرے کیے تھے۔