Official Website

عمران نیازی کو آئینی طریقے سے ہٹانا قومی فرض بن چکا ہے: حمزہ شہباز

30

لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو ایٹمی قوت کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی زنجیروں میں جکڑوانے کا حساب دینا ہو گا۔

عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کل پی ٹی آئی کا ایک اور جھوٹ بے نقاب ہوا، عمران نیازی کو پتہ نہیں چلتا جو پرچی پر لکھا آتا ہے بول دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 22 ماہ اکاؤنٹس منجمد ہونے کے بعد برطانیہ نے شہباز شریف کو کلین چٹ دی، عمران نیازی توشہ خانہ کا حساب اور فارن فنڈنگ کا جواب دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ساڑھے 3 سال میں کرپشن انڈیکس 16 پوائنٹ اوپر چلا گیا، حکومت نے غریب کو بھوکا مار دیا کرپشن میں 16 فیصد اضافہ کیا۔

پنجاب میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ آپ کے جھوٹ سے کھاد، چینی نہیں ملتی، بنی گالہ سے اتریں اور جواب دیں ورنہ قوم آپ کا احتساب کرے گی، آپ نے نوکریاں دینے اور گھر بنانے کا جھوٹ بولا، عمران صاحب نے 50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریوں کا جھوٹ بولا، عمران نیازی نے ٹی بوائز کے نام پر پیسے منگوائے اس کا حساب دیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ایٹمی قوت کو آئی ایم ایف کی زنجیروں میں جکڑ دیا گیا ہے، اس کا حساب دینا ہو گا، 72سالہ تاریخ میں ایسے سنگین حالات کبھی نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو آئینی طریقے سے ہٹانا قومی فرض بن چکا ہے، اکیلی سیاسی جماعت ان مسائل کا سامنا نہیں کرسکتی، قوم سیاسی جماعتوں کی طرف دیکھ رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ عمران نیازی کی چھٹی ہونی ہے۔