Official Website

سعودی عرب نے نیا الیکٹرانک پاسپورٹ جاری کردیا

106

سعودی عرب نے اپنے شہریوں کے لیے نیا الیکٹرانک پاسپورٹ جاری کردیا جس میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے سکیورٹی فیچرز کو مزید بہتر کیا گیا ہے۔

سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے پاسپورٹ کا اجراء کیا۔ اس حوالے سے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل خالد السیخان نے بتایا کہ ریڈ ایبل پاسپورٹ سے الیکٹرانک پاسپورٹ کی جانب منتقلی کے حوالے سے یہ ٹرننگ پوائنٹ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نیا پاسپورٹ جدید ترین سکیورٹی فیچرز کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے اور یہ بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے مطلوبہ معیار سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔

اس پاسپورٹ میں ایک چِپ بھی لگائی گئی ہے جس میں حامل ہٰذا کی نجی معلومات محفوظ رکھنے کی صلاحیت ہے۔ اس چپ میں پاسپورٹ ہولڈر کے ڈیٹا کے علاوہ تین مختلف ٹیکنالوجیز کے ذریعے لی گئی تصاویر بھی محفوظ ہوں گی جبکہ اس کے ذریعے تمام ڈیجیٹل پورٹلز پر اس چپ کے ذریعے پاسپورٹ کی تصدیق کی جاسکے گی۔

میجر جنرل خالد السیخان نے کہا کہ شہری الیکٹرانک پاسپورٹ کے لیے مروجہ طریقہ کار کے تحت درخواستیں دے سکتے ہیں جبکہ وقت کے ساتھ ساتھ ریڈایبل پاسپورٹ مکمل طور پر منسوخ کردیا جائے گا۔