Official Website

ویلنٹائنز ڈے کےلیے منفرد ’آلو پرفیوم‘ پیش کردیا گیا

37

ایڈاہو: امریکا میں ویلنٹائنز ڈے کےلیے بہت ہی خاص اور انتہائی منفرد ’آلو پرفیوم‘ (پوٹیٹو پرفیوم) پیش کیا گیا ہے جس کی خوشبو تازہ فرنچ فرائیز جیسی ہے۔

یہ عجیب و غریب خوشبو ’ایڈاہو پوٹیٹو کمیشن‘ نے تیار کروائی ہے جو وہاں آلو اگانے والے کسانوں کا نمائندہ مارکیٹنگ بورڈ ہے جس کا مقصد امریکی ریاست ایڈاہو میں کاشت کیے جانے والے آلوؤں کی فروخت بہتر سے بہتر بنانے میں مدد کرنا ہے۔

تازہ آلوؤں کو عطر سازی میں استعمال ہونے والے تیل کے ساتھ کشید کرکے یہ خوشبو تیار کی گئی ہے۔
یہ پرفیوم جسے ’فرائٹس بائی ایڈاہو‘ کا نام دیا گیا ہے، بطورِ خاص ویلنٹائنز ڈے کےلیے پیش کیا گیا تھا جبکہ اس کی بوتلیں بھی بہت محدود تعداد میں بنوائی گئی تھیں۔

ایسی ہر بوتل میں صرف 50 ملی لیٹر پرفیوم تھا اور قیمت 1.89 امریکی ڈالر (330 پاکستانی روپے) رکھی گئی تھی جو کچھ زیادہ بھی نہیں۔

7 فروری کو یہ پرفیوم فروخت کےلیے آن لائن رکھا گیا لیکن صرف چند منٹوں میں ساری بوتلیں فروخت ہوگئیں۔

اس کے بعد ایڈاہو پوٹیٹو کمیشن نے اعلان کیا کہ اس پرفیوم کی تمام بوتلیں فروخت ہوچکی ہیں۔

البتہ انسٹاگرام پیج @idahopotatoes کے ذریعے رجسٹر ہونے والوں میں سے دس منتخب صارفین کو اس پرفیوم کی ایک ایک بوتل تحفے میں دی جائے گی۔

بتاتے چلیں کہ اس ’آلو پرفیوم‘ کا مقصد پیسہ کمانا نہیں تھا بلکہ ایڈاہو میں اگائے جانے والے آلوؤں کو دنیا میں مشہور بنانا تھا… اور یہ مقصد بخوبی حاصل کرلیا گیا ہے!