Official Website

جے یو آئی کی جہانگیر ترین اور فضل الرحمان کے درمیان خفیہ ملاقاتوں کی تردید

32

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے جہانگیر ترین اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان خفیہ ملاقاتوں کی تردید کردی اور کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ڈرائنگ روم اور آف شور کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔

جہانگیر ترین اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقاتوں سے متعلق اطلاعات زیر گردش ہیں تاہم جے یو آئی نے ان  خفیہ ملاقاتوں کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔

پی ڈی ایم کے ترجمان اور جے یو آئی کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان خفیہ ملاقات کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، جن میڈیا ہاؤسز نے خفیہ ملاقات کی خبر بریکنگ میں دی ہے انہیں بتانا چاہوں گا کہ یہ خبر بے بنیاد اور سفید جھوٹ ہے، غلط خبر نشر کرنے کی پی ڈی ایم شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ڈرائنگ روم اور آف شور سیاست پر یقین نہیں رکھتے، عدم اعتماد تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے ملاقاتیں خفیہ نہیں بلکہ قوم کے سامنے ہوں گی، پی ڈی ایم جلد مذاکراتی جرگہ تشکیل دے گی، جرگہ میں تمام اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی ہوگی، جرگہ تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کرے گا۔