Official Website

میکسیکو میں سیکڑوں اڑتے ہوئے پرندے اچانک زمین پر آگرے

47

میکسیکو میں پیلے سَروں والے ‘بلیک برڈز’ سیکڑوں کی تعداد میں اڑتے اڑتے اچانک آسمان سے زمین پر آگرے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ میکسیکو کے شمالی شہر چیہواوا میں پیش آیا جہاں آسمان پر اڑتے ہوئے سیکڑوں پرندے اچانک زمین پر آگرے، واقعےکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، دیگر ویڈیوز میں سڑکوں پر بڑی تعداد میں مرے ہوئے پرندوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔

سیکڑوں پرندوں کے اچانک اس طرح آسمان سےگرکر مرنے سے علاقے میں دہشت پھیل گئی ہے اور مقامی افراد واقعے پر پریشان ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ‘بلیک برڈ’ نامی پرندے نقل مکانی کرنے والے پرندے ہیں جو کہ موسم سرما میں کینیڈا سے میکسیکو کے جنوب میں سفر کرتے ہیں، پرندوں کی موت کی حتمی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ علاقے میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے باعث پیش آیا ہے جب کہ یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اس علاقے میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائن ہے جس کے باعث یہ حادثہ رونما ہوا جب کہ بعض افراد اس کا الزام 5 جی پر بھی عائد کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ماہرین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ کسی شکاری پرندے کے اچانک سامنے آنے کے باعث پرندوں کو پرواز روکنا پڑی جس سے وہ سنبھل نہ سکے اور نیچےگرکر مرگئے۔